وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر زراعت کس بات پر آمنے سامنے آگئے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت مین شامل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماوں کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر زراعت علی حسن زہری کے درمیان اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سرفراز بگٹی اور میر علی حسن زہری کے درمیان اس وقت تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جب میر علی حسن زہری نے وزیر اعلیٰ کے سامنے مختلف محکموں کے خالی آسامیوں میں مبینہ مداخلت کرنے کا معاملہ اٹھایا۔
میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی مداخلت کی وجہ سے ٹیسٹ اور انٹرویوز ہونے کے باوجود تعیناتیاں نہیں ہورہی اور ایک سال سے ایس بی کے ٹیسٹ انٹرویو پاس کرنے والے امیدواروں کی تعیناتیاں نہیں ہورہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس محکمے میں تعیناتیاں کی جارہی ہیں وہاں میرٹ کہیں نظر نہیں آتا، صدر مملکت اور پارٹی چیئرمین کا وژن میرٹ پر تعیناتیاں ہیں جو نظر نہیں آرہی۔
علی حسن زہری نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ تمام محکموں کے سیکرٹریز وزیروں کے احکامات ماننے کے بجائے آپ کے جواب کا منتظر رہتے ہیں، پیپلز پارٹی کے اراکین کے حلقوں میں مداخلت اور ان کی جانب سے تجویز کردہ افسران کی تعیناتی کیوں نہیں ہورہی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ ادوار میں ضلع لسبیلہ میں اراضیات کے ہونے والے لیز فوری طور پر منسوخ کئے جائیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے علی حسن زہری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے میرا کام کرنے دیں، اس پر وزیر زراعت میر علی حسن زہری برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ کی ان پالیسوں کے باعث پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں شدید نقصان پہنچ رہا ہے، بلوچستان حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے وژن پر عملدآمد نہیں کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر زراعت کے درمیان تکرار ہونے پر سیکرٹریٹ میں موجود پیپلز پارٹی کے اراکین نے ان دونوں کے درمیان بیچ بچاو کرکے معاملہ ختم کرنے کی کوشش بھی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *