اب سوئی کے بچے بھی وہاں پڑھیں گے جہاں سرداروں کے بچے پڑھتےہیں، سرفراز بگٹی

سوئی(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے ساتھ ہونے والا معاہدہ صوبے کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس کا فائدہ براہ راست سوئی اور بلوچستان کے عوام کو ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں حکومت بلوچستان اور پی پی ایل کے مابین باہمی سمجھوتے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی احسن اقبال، منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ایل عمران عباس ، سیکرٹری توانائی بلوچستان داؤد خان بازئی و دیگر حکام قبائلی عمائدین بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کچھی کینال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب 2013 میں وہ بلوچستان اسمبلی کے رکن بنے اور بعد میں وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز ہوئے تو انہوں نے وفاقی حکومت سے اس منصوبے کو مکمل کرنے کی اپیل کی تھی 2017 میں اس منصوبے کے مکمل ہونے سے بلوچستان میں خوشحالی آئی لیکن 2022 کے سیلاب نے ایک بار پھر اس منصوبے کو نقصان پہنچایا میر سرفراز بگٹی نے کچھی کینال پروجیکٹ میں خصوصی دلچسپی اور توجہ پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ اس منصوبے کے دوسرے اور تیسرے فیز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلوچستان کے کسانوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی پی ایل کے ساتھ ہونے والا معاہدہ بلوچستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ اس سے قبل ایسے معاہدے بند کمروں میں ہوتے تھے لیکن اب یہ عوامی سطح پر کیے جا رہے ہیں انہوں نے پی پی ایل کے ایم ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اپنے بورڈ سے منظوری لی بلکہ بلوچستان کے عوام کے مفادات کو ترجیح دی وزیر اعلیٰ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی پی ایل ہر سال 50 بچوں کو لارنس کالج اور حسن ابدال کالج میں تعلیم دلوانے کا بندوبست کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں یہ اقدامات کیے جاتے تو آج پی پی ایل کا سربراہ، ایف سی کا کمانڈر اور بلوچستان کے دیگر اہم عہدوں پر بگٹی قبیلے کے افراد موجود ہوتے انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اس تعلیمی منصوبے میں سوئی کے غریب اور مستحق بچے شامل کئے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ پی پی ایل ہر سال 14 مقامی ڈپلومہ ہولڈرز اور 7 انجینئرز کو ملازمت دے گا اور ان کی بھرتی مکمل میرٹ پر ہوگی انہوں نے کہا کہ کسی بھی بھرتی میں کوئی سفارش نہیں چلے گی اور تمام فیصلے شفاف طریقے سے کیے جائیں گے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے سکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں بلوچستان کے نوجوان سعودی عرب بھیجے جا رہے ہیں جبکہ دوسرا مرحلہ جرمنی کے لیے ہوگا پی پی ایل ہر سال 50 بچوں کو اس پروگرام کے تحت تربیت دے گا تاکہ وہ بیرون ملک جاکر باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں وزیر اعلیٰ نے سوئی ماڈل سٹی منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دیرینہ خواب تھا جو اب حقیقت بننے جا رہا ہے اس منصوبے کے تحت سوئی کی تمام سڑکیں، سیوریج سسٹم، اسٹریٹ لائٹس، سرکٹ ہاؤسز، پارکس، اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ اس شہر کو جدید بنانے کے لیے صوبائی حکومت اور پی پی ایل مل کر کام کر رہے ہیں، اور اگر وفاقی حکومت بھی اس میں تعاون کرے تو ایک میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بھی قائم کی جا سکتی ہے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ سوئی کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لیے پی پی ایل روزانہ 10 لاکھ گیلن پانی مہیا کرے گا اس کے ساتھ ساتھ ڈیرہ بگٹی کی تمام پرانی سرکاری عمارتوں کو پی پی ایل کے تعاون سے نہ صرف مرمت کیا جائے گا بلکہ ان میں جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوئی میں گیس فلیئر کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے اسے 10 کلومیٹر دور منتقل کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی کو اس کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ پی پی ایل میں ریٹائرڈ ملازمین کی بھرتی کو یقینی بنایا جائے گا اور جو افراد طویل عرصے سے ملازمت کے انتظار میں تھے، ان کو جلد نوکری دی جائے گی وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر کے اختتام پر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تقریب میں قومی ترانہ نہیں بجایا گیا انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ ہر سرکاری تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا جائے وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے پر کیا