نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا اہم بیان آگیا۔


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ ہمیں لگا کہ دوسری اننگز میں وکٹ کی رفتار مزید مشکل ہو جائے گی۔ تاہم نیوزی لینڈ کے بولرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا، جس کی وجہ سے ہم اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے۔
محمد رضوان نے بتایا کہ ہمارا ہدف 280 رنز تھا لیکن مخالف ٹیم کی زبردست باؤلنگ کی وجہ سے ہم صرف 242 رنز ہی بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی باؤلنگ واقعی شاندار تھی۔ میں اور آغا سلمان نے شراکت بنانے کی کوشش کی لیکن مخالف ٹیم نے ہمیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ میری وکٹ کا گرنا بھی ایک اہم موڑ تھا۔
پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے رضوان نے اعتراف کیا کہ فیلڈنگ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں اب بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں فیلڈنگ میں بہت بہتری لانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہماری کمزوری ہے۔ تاہم انہوں نے اسپنر ابرار احمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابرار نے بہت زیادہ بہتری دکھائی ہے لیکن ہمیں دوسرے کھلاڑیوں کو بھی اسی سطح پر لانا ہوگا۔
محمد رضوان نے یہ بھی بتایا کہ ٹیم کی نظر چیمپئنز ٹرافی پر ہے اور اسی لیے انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاکہ ٹیم اپنی تیاری کو مزید مضبوط بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *