فتنہ الخوارج اسلام سے نابلد اور قطعی طور پر خارجی ہیں، آرمی چیف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فسادی ٹولہ فتنہ الخوارج اسلام سے نا بلد اور قطعی طور پر خارجی ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی طلبہ سے خصوصی گفتگو کلپ کی صورت میں سوشل میڈیا پر نظر آئی ہے جس میں آرمی چیف نے نئی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے نہایت جامع، مدلل اور معنی خیز انداز میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا ہے۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ریاست کے سامنے اپنے ہتھیار پھینک دیں پھر وہ ریاست سے رحم کی توقع کر سکتے ہیں لیکن گمراہ گروہ کو یہ اجازت نہیں ہے کہ اپنی اقدار ہمارے ملک پر مسلط کرے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم فتنہ الخوارج کے فسادیوں سے لڑ رہے ہیں، یہ خارجی عناصر اسلام کی غلط تشریح اور اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ ہم کامریڈز کی طرح لڑتے ہیں اور فوج کا یہی تو مزہ ہے کہ کوئی سندھی، بلوچی، پنجابی پٹھان نہیں بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔

خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ نوجوانوں سے گفتگو ہمیشہ میرے لیے انتہائی خوشی کی حامل ہوتی ہے اور جب تک قوم خصوصاً ہمارے نوجوان فوج کے پیچھے کھڑی ہیں تب تک پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی۔

قران مجید کی آیات کے کچھ حوالے دیتے ہوئے آرمی چیف نے اس موقف کو مزید واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے حوالے سے قران مجید میں واضح احکامات اور سزائیں متعین ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *