عمران ریاض کو شہرت کی بلندی پر پہنچانے میں فیض حمید کا کتنا ہاتھ، کتنی زمین حاصل کرنے میں مدد کی؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف سے نکالے جانے کے چند دن بعد شیر افضل مروت نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق انٹیلی جنس سربراہ جنرل فیض حمید نے یوٹیوبر اور سابق ٹی وی اینکر عمران ریاض خان کے لیے 600 کنال سے زائد زمین حاصل کرنے میں مدد کی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا، “علی امین گنڈا پور نے مجھے بتایا کہ جنرل فیض حمید نے چکوال میں عمران ریاض کے لیے 600 کنال سے زائد زمین حاصل کرنے میں مدد کی، جہاں اس نے ایک محل، مچھلی کے تالاب اور گھوڑوں کا اصطبل بنایا۔”
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران ریاض نے اربوں روپے کیسے کمائے جبکہ وہ کبھی موٹر سائیکل کے بھی مالک نہیں تھے۔ شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ “علی امین نے مجھے بتایا کہ عمران ریاض، فیض حمید کا قریبی ساتھی تھا” اور الزام لگایا کہ سابق ٹی وی اینکر کو پی ٹی آئی کے دور حکومت میں انٹیلی جنس اداروں کی حمایت حاصل تھی۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے کہا کہ عمران ریاض نے مجھ سے دس بار کان کنی کا ٹھیکہ حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا اور میں نے اسے ہر بار وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موجود پایا۔مزید یہ کہ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران ریاض ایجنسیوں کے ساتھ مل کر “ہیرو” بننے کی کوشش میں گرفتار ہوا۔
شیر افضل مروت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایک یوٹیوبر صرف خچروں کی مدد سے پاکستان سے کیسے فرار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی عمران ریاض کو باہر جانے سے روکنا چاہتی تو اس کا پاسپورٹ ایک منٹ میں بلاک کیا جا سکتا تھا۔ “پھر وہ برطانیہ کیسے پہنچا؟” انہوں نے سوال کیا اور کہا کہ عمران ریاض کا پاسپورٹ کارآمد تھا۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ انہوں نے عمران ریاض کی جائیدادوں سے متعلق ایک ویڈیو بنائی ہے، جسے وہ جلد شیئر کریں گے۔