شاہ رخ، سلمان اور عامر سے بھی زیادہ معاوضہ، 1990ء کی دہائی کی سب سے کامیاب اداکارہ کون تھی؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)سری دیوی بھارتی سینما کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شامل تھیں اور انہوں نے فلمی تاریخ میں اس وقت نیا ریکارڈ قائم کیا جب وہ 10 ملین بھارتی روپے (1 کروڑ) معاوضہ لینے والی پہلی اداکارہ بن گئیں۔
اس دور میں جب شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان جیسے بڑے اداکار فی فلم تقریباً 7اعشاریہ 5 ملین (75 لاکھ) روپے کما رہے تھے، سری دیوی نے اپنی بے مثال کامیابی کے ساتھ اس رجحان کو توڑ دیا۔
فلمی صنعت میں مرد اور خواتین اداکاروں کے معاوضے میں تفاوت کا مسئلہ طویل عرصے سے زیر بحث رہا ہے۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں اداکاراؤں نے اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے لیکن سری دیوی نے 90 کی دہائی میں ہی ایک مثال قائم کر دی تھی۔
1992 سے 1997 کے دوران وہ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ رہیں اور اپنی ریٹائرمنٹ تک ہر فلم کے لیے 10 ملین روپے وصول کرتی رہیں۔
1997 میں جب ان کی عمر 33 سال تھی تو نہوں نے فلم جدائی کی زبردست کامیابی کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔ سری دیوی نے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ساؤتھ انڈین فلمی صنعت میں بھی اپنی شاندار اداکاری سے کروڑوں مداحوں کے دل جیتے۔
آج بھی کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود وہ ایک لیجنڈ کے طور پر یاد کی جاتی ہیں،نا صرف اپنی لازوال اداکاری بلکہ فلم انڈسٹری میں نئے معیارات قائم کرنے کی وجہ سے بھی لوگ انہیں یاد کرتے ہیں۔
اس سے قبل بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کو سری دیوی کی یاد اس وقت تازہ ہوئی جب انہوں نے اپنی بیٹے جنید خان اور سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور کی آنے والی فلم لوویپا دیکھی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے اس فلم کا رف کٹ دیکھا اور خوشی کپور میں اپنی والدہ سری دیوی کی جھلک محسوس کی۔
عامر خان نے مزید کہا، “تمام اداکاروں نے زبردست کام کیا ہے۔ جب میں نے فلم دیکھی اور خوشی کو اسکرین پر دیکھا، تو مجھے سری دیوی کی جھلک محسوس ہوئی۔ ان کی توانائی، ان کا انداز، سب کچھ سری دیوی جیسا تھا۔”