پنجاب میں پی ٹی آئی دور کا ایک اور کرپشن اسکینڈل بے نقاب


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے دور میں مالی سال 2020-21 کے دوران ایک اور کرپشن اسکینڈل سامنے آیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے لیے ادویات اور طبی سامان کی خریداری بغیر کسی باضابطہ ٹینڈر کے کی گئی۔
مزید انکشاف ہوا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں اسپتالوں کے لیے مشینری کی خریداری میں قانونی ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مظفر گڑھ کے ضلعی ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) نے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ادویات اور طبی سامان قانونی تقاضے پورے کیے بغیر خریدے۔
آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے باوجود ضلعی اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا، جس سے معاملہ مزید مشکوک ہو گیا۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سامنے لائے گئے انکشافات کے بعد، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنجاب میں کرپشن کے کئی اسکینڈلز سامنے آچکے ہیں۔ پنجاب میں عثمان بزدار اور فرحت شہزادی عرف فرحی گوگی کا گٹھ جوڑ عام تھا۔ دونوں پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *