عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات؛ وکیل کا ٹوئٹ

پچھلی بار بھی پابندیوں کے دوران خان صاحب کو قید تنہائی میں رکھ کر غیرانسانی سلوک روا رکھا گیا تھا، فیصل چوہدری


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی وکیل نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی26 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں اچانک سماعت ملتوی کیے جانے پہ شکوک و شبہات کا شکار ہو گیا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کے بارے میں فکر مند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ اس طرح کی پابندیوں کے دوران خان صاحب کو قید تنہائی میں رکھا گیا تھا،غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا تھا۔ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں فوری طور پر وکلا اور خاندان کے افراد کی ملاقات بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے کروائی جائے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے فوری ملاقات کروائی جائے تاکہ ان کی صحت و سلامتی سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *