وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سی ای او کیسکو کی ملاقات، بجلی کے مسائل اور شمسی توانائی کے منصوبوں تبادلہ خیال

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیسکو کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے اور بجلی کی ترسیل کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں زرعی شعبے میں توانائی کے متبادل ذرائع اپنانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ کسانوں کو درپیش مشکلات کم ہوں اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بجلی کے ترسیلی نظام میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موسم گرما کی آمد سے قبل ہی گرم علاقوں میں برقی قلت اور مسائل کا خاطر خواہ سدباب کیا جائے تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیسکو انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو بجلی سے متعلق مشکلات سے نجات دلانے کے لیے جامع اور واضح حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے انہوں نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی تجویز کردہ برقی اسکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے فوائد حاصل کر سکیں انہوں نے تاکید کی کہ جن علاقوں میں عوام بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔
وہاں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو وزیر اعلیٰ نے بجلی کی ترسیل اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے مسائل حل کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور شمسی توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں سی ای او کیسکو نے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے زرعی شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی اور کسانوں کو بجلی کے مسائل سے نجات ملے گی انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ کیسکو عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔