زین قریشی کو نہ نکال کر میرے ساتھ امتیازی سلوک برتا گیا، شیر افضل مروت
جس طرح مجھے پارٹی سے نکالا اب کسی کا مستقبل محفوظ نہیں، سابق پی ٹی آئی رہنماء

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ زین قریشی کا شاہ محمود قریشی کی وجہ سے لحاظ کیا گیا، انہیں پارٹی سے نہ نکالنا موروثی سیاست نہیں لیکن تفریق کے زمرے میں آتا ہے، پارٹی کے اندر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کچھ دن قبل شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس پر بیرسٹر گوہر نے بانی سے بات کرکے معاملہ نمٹانے کا عندیہ دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے خیال سے زین قریشی کا شاہ محمود قریشی کی وجہ سے لحاظ کیا گیا ہے، زین قریشی شاہ محمود کے بیٹے ہیں اور شاہ محمود کی پارٹی کیلئے خدمات ہیں، زین قریشی کو نہ نکالنا موروثی سیاست نہیں لیکن تفریق کے زمرے میں آتا ہے، پارٹی کے اندر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس طرح مجھے پارٹی سے نکالا اب کسی کا مستقبل محفوظ نہیں، کسی کو بھی اسی طرح کھسر پھسر کرکے پارٹی سے نکالا جاسکتا ہے، ایسے فیصلے اصولی طور پر ہونے چاہئیں، پارٹی سے کسی کو نکالنے کیلئے جواز تو ہونا چاہیے، میں تو 4 روز سے نعرے لگا رہا ہوں، مجھے کوئی وجہ تو بتادیں۔
رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اب نکالا اسکی وجہ بتادیں، جو پہلے نکالا تھا اسکی وجہ بتادیں، وجہ کوئی نہیں ہے، اتنی ہٹ دھرمی نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے خود کہا ہے کہ کیا ہم کوئی غلام ہیں؟۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی میں بھی حکومتی ارکان کی جانب سے شیر افضل مروت کے حق میں ’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ کے نعرے لگائے گئے تھے۔