صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاررہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان
تمام شعبوں میں بہتری کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے، میر سرفراز بگٹی کی اراکین اسمبلی و مختلف شخصیات سے ملاقات میں بات چیت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں اراکین اسمبلی ، اعلیٰ صوبائی حکام اور مختلف شخصیات نے ملاقات کی جن میں مشیر بلدیات نوابزداہ بابا امیر حمزہ خان زہری، ڈی جی ایوی ایشن ونگ کیپٹن علی آزاد کی قیادت میں انٹرنی پائلٹس، سابق نگران صوبائی وزیر یحییٰ خان ناصر، میر دانش خان لانگو، حیات اللہ غلزئی اور رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج شامل تھے۔
ملاقاتوں کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں صوبے کی ترقی ہوابازی کے شعبے میں بہتری عوامی فلاح و بہبود اور دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انٹرنی پائلٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہوابازی سمیت دیگر تکنیکی شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے تمام ممکنہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
بلوچستان میں ایوی ایشن کے فروغ سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے اور مقامی سطح پر مہارت یافتہ افراد کو زیادہ مواقع میسر آئیں گے سابق نگران صوبائی وزیر یحیٰ خان ناصر اور حیات اللہ غلزئی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اس دوران صوبے کی سیاسی و سماجی صورتحال عوامی مسائل اور ترقیاتی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور صوبے کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج نے بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی اور صوبے کی مجموعی ترقی، عوامی مسائل اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاررہے ہیں اور تمام شعبوں میں بہتری کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔