خط پر خط آرہے ہیں، منتیں ہورہی ہیں کہ اللہ کے واسطے مجھے بچالو، مریم نواز

اڈیالہ جیل کے علاوہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کا نارروال میں جلسے سے خطاب


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ خط پر خط آرہے ہیں، منتیں ہورہی ہیں کہ اللہ کے واسطے مجھے بچالو، اڈیالہ جیل کے علاوہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا، میں اپنی کارکردگی لے کر آپ کے سامنے پیش ہوئی ہوں۔
پنجاب کے شہر نارروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد میرا پہلا اجتماع نارووال میں ہے، ایک سال کی کارکردگی کے ساتھ آپ کے سامنے موجود ہوں، 2 سال پہلے پورے پاکستان سے بری خبریں آرہی ہیں، آج ملک بھر سے اچھی خبریں آرہی ہیں، صرف اڈیالہ جیل سے بری خبریں آرہی ہیں، اڈیالہ سے صرف خط پر خط آرہے ہیں، اڈیالہ والے منتیں کررہے ہیں کہ ہمیں بچالو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکال دیا ہے، ہم دن رات محنت کرکے عوام کی زندگیوں کو تبدیل کرکے رہیں گے، جس نواز شریف کو مارنے اور گرانے کی کوشش کی گئی، آج وفاق میں اس کے بھائی اور پنجاب میں کی بیٹی کی حکومت ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کررہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بتایا جائے کہاں ہے وہ پاکستان جس کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں، آج پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے۔ عوام گواہی دے رہے ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کو مشکلات سے نکال دیا۔
مریم نواز نے کہاکہ عمران خان کے دور حکومت میں اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی تھی، اسٹاک مارکیٹ آج بلندیوں پر ہے جبکہ دہشت گردی ملک میں دوبارہ آگئی تھی لیکن آج سب کچھ اس کے برعکس ہے اور مہنگائی 38 سے 5 فیصد پر آگئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پنجاب سے ایک ہی خبر آتی تھی کہ گوگی یہ کھا گئی اور پنکی وہ کھا گئی، پہلے سفارش اور رشوت کے بغیر پنجاب میں کوئی کام نہیں ہوتا تھا، میں نے ایک سال میں پنجاب میں دن رات ایک کرکے کام کیا، آج صوبے کو صاف ستھرا کیا جارہا ہے، جبکہ روٹی 25 روپے سے 12 سے 13 روپے پر آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت غریبوں کو گھر بنانے کے لیے قرضہ دے رہی ہے جبکہ کسانوں کو کسان کارڈ دیے گئے ہیں، اس کے علاوہ معذور افراد کو ہمت کارڈ فراہم کیے گئے ہیں، یوتھ کا نعرہ لگانے والوں نے نوجوانوں کو کیا دیا؟ ہم اسکالر شپس کو بڑھا کر 50 ہزار تک لے کر جارہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضہ دیا جارہا ہے جبکہ صوبے میں صحت کی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *