پاکستان اور چین کا قریبی اسٹریٹجک رابطے و ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق

نیویارک(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل وزارتی اجلاس کے موقعے پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق یہ ملاقات روایتی گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہوئی جو پاک چین دوستی کا خاصہ ہے۔

دفتر خارجہ ترجمان نے کہا کہ ملاقات کے دوران فریقین نے دو طرفہ تعلقات بشمول سی پیک کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور اس کے علاوہ عالمی اور علاقائی امور پر بھی بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

شفقت علی خان کے مطابق نائب وزیراعظم نے چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور بنیادی مسائل بشمول جموں و کشمیر پر چین کی مستقل و غیر متزلزل اور حمایت پر پاکستان ان کا شکر گزار ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چیری وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کے بنیادی مسائل اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اپنی مضبوط حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کی قیادت کے وژن اور عوام کی خواہشات کی روشنی میں چین پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دے گا تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ فریقین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس کی مستحکم ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فریقین نے سی پیک کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا تاکہ اس کے مشترکہ فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اہم معاملات پر قریبی اسٹریٹجک رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کثیرالجہتی فورمز پر اپنے تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *