صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کو واخان کوریڈور میں شمولیت کی دعوت
![14 51](https://dailyqudrat.pk/wp-content/uploads/2025/02/14-51.jpg)
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کو واخان کوریڈور میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کے لیے علاقائی رابطوں سے ابھرتے ہوئے مواقع کے موضوع پر اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے، بہت عرصہ پہلے گوادر کی اہمیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا تھا، ، سی پیک خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سی پیک خطے میں تجارت کے فروغ کے لیے اہم منصوبہ ثابت ہوگا، بلوچستان کے لیے 14 میل دور تاجکستان سے واخان کوریڈور کے ذریعے پانی لارہے ہیں، متحدہ عرب امارات نے اس پراجیکٹ پر سرمایہ کاری کی ہے، چین کو بھی اس پراجیکٹ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، امید ہے چین اس پر غور کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محل وقوع کی وجہ سے اسٹریٹیجک اہمیت ہے، آج دنیا میں تجارتی جنگ جاری ہے، تجارت ہی کسی ملک کو گروتھ بڑھاتی ہے، گوادر پورٹ کا میں نے افتتاح کیا تھا، ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل چھوڑنا ہے۔