کیا پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گا؟ سریش رائنا کا حیران کُن جواب

ممبئی(قدرت روزنامہ)سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے چیمپئنز ٹرافی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے پاکستان کو باہر کردیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز کل سے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا، سابق کرکٹرز نے میگا ایونٹ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے۔
تاہم سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کی پیش گوئی نے کرکٹ شائقین میں نئی بحث چھیڑ دی۔
سریش رائنا، انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن، آکاش چوپڑا کے ساتھ ٹاپ فور ٹیموں کا نام بتادیا۔
پیٹرسن نے پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی سیمی فائنل کھیلنے کی پیش گوئی کی وہیں رائنا نے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان کا نام لیا۔
سریش رائنا کی پیش گوئی اس وقت زیر بحث آگئی کہ ان کی منتخب کردہ چاروں ٹیموں میں سے تین کا تعلق گروپ بی سے ہے، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان گروپ بی میں موجود ہیں۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں ہر گروپ سے صرف دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی اس لیے ان کا انتخاب سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان شامل ہیں۔
ہندوستان، سیاسی تناؤ کی وجہ سے اپنے تمام میچ یو اے ای میں کھیلنے کا انتخاب کرتے ہوئے، 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جس کے بعد 23 فروری کو دبئی میں پاکستان کے ساتھ بہت زیادہ متوقع مقابلہ ہوگا۔
ان کا گروپ مرحلے کا سفر 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔