28 فروری کو کن کن ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ جائے گا؟

ابوظہبی (قدرت روزنامہ) 28 فروری کو کن کن ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ جائے گا؟ بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے رپورٹ جاری کر دی، دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ساتھ ماہ مبارک کا آغاز ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق اہم رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز سے وابستہ ماہر فلکیات محمد شوکت کے مطابق 28 فروری کو دنیا کے بیشتر اسلامی اور دیگر ممالک میں رمضان المبارک کا چاند باآسانی نظر آ جائے گا۔ 28 فروری کو کئی ممالک میں انسانی آنکھ سے رمضان المبارک کا چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا، جبکہ کچھ ممالک میں سائنسی آلات کی مدد سے چاند دیکھا جا سکے گا۔
یوں یکم مارچ کو دنیا بھر کے اکثریتی مسلمان رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھیں گے۔ واضح رہے کہ ماہ شعبان کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر دنیا بھر میں رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز اب صرف چند دن کی دوری پر ہے۔ جاپان میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے سب سے پہلے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
جاپان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 28 فروری بروز جمعہ کو ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان میں ماہ مبارک کے چاند کی رویت سے متعلق ماہرین فلکیات کی جانب سے نئی پیشن گوئی کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند28 فروری کو نظر آنے کا امکان نہیں، ملک بھر میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چاند کی پیدائش 28 فروری کو 5 بجکر 45 منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 13 گھنٹے 12 منٹ ہوگی، چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہاکہ 29 شعبان کو مطلع کہیں صاف اور کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ سعودی عرب میں بھی رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ سے متعلق اہم سرکاری شخصیت کا اعلان سامنے آیا ہے۔ سعودی ایوان شاہی کے مشیر اور سعودی علمابورڈ کے رکن شیخ عبد اللہ بن سلیمان المنیع نےکہا ہے کہ فلکی حساب سے یکم مارچ کو مملکت میں پہلا روزہ ہوگا۔
فلکی حساب سے رواں سال ماہ رمضان 29 دن کا ہوگا اور 29 مارچ کو آخری روزہ ہوگا۔ یوں سعودی عرب میں عیدالفطر 30 مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ یکم رمضان کا باقاعدہ اعلان سعودی سپریم کورٹ کرے گی۔ جبکہ ماہرین موسمیات کی بھی اہم پیشن گوئی سامنے آئی ہے۔ رواں سال ماہ صیام کا آغازموسم سرما کے اختتام اور موسم بہارکا آغاز پر ہورہا ہے،گزشتہ سالوں کی نسبت روزے قدرے ٹھنڈے ہوں گے۔ توقع ہے کہ کئی عرب ممالک مثلا سعودی عرب ، امارات ، قطر ، کویت اور مصر سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان کے ابتدائی ایام میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 گھنٹے ہوگا۔