پاکستان کا جغرافیائی اور تزویراتی محل وقوع اسے خطے میں ایک نئے جیو اکنامک دور کے مرکز میں لا کھڑا کرتا ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ/اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بلوچستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور علاقائی ترقی میں اس کی اہمیت مزید بڑھ رہی ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلام آباد میں منعقدہ “علاقائی رابطہ اور پاکستان ابھرتے ہوئے مواقع” کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی اور تزویراتی محل وقوع اسے خطے میں ایک نئے جیو اکنامک دور کے مرکز میں لا کھڑا کرتا ہے صدیوں سے پاکستان کا خطہ تجارتی، ثقافتی اور فکری تبادلوں کا مرکز رہا ہے جو مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے انہوں نے کہا کہ آج جب دنیا مزید گہرے اقتصادی تعلقات اور انضمام کی طرف بڑھ رہی ہےپاکستان ایک بار پھر اپنی تاریخی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہے تاکہ پرامن تجارت، ثقافتی تبادلے اور اجتماعی ترقی کو فروغ دیا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے گوادر پورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ بندرگاہ خطے کی سب سے بڑی تجارتی راہداری بننے کی صلاحیت رکھتی ہے جدید بندرگاہ کی مطابقت کے تحت انفراسٹرکچر، اعلیٰ درجے کی لاجسٹک سہولیات اور کثیر الجہتی مواصلاتی روابط کے ذریعے گوادر نہ صرف پاکستان کو عالمی منڈیوں سے جوڑے گابلکہ ہمسایہ ممالک کے لیے بھی سمندری تجارت کے ایک اہم دروازے کے طور پر کام کرے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چین، پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک صرف ایک بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے خاص طور پر بلوچستان کے لوگوں کے لیے جہاں نئے روزگار کے مواقع ہنر مندی کی تربیت اور کاروباری مواقع تیزی سے حقیقت بنتے جا رہے ہیں وہاں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حالیہ تکمیل چین کا تحفہ ہےجو علاقائی رابطوں کو مزید وسعت دے گا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گاوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سی پیک کے تصور ، آغاز اور نفاذ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے کردار کو سراہتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کے لئے ان کی کاوشوں دلچسپی اور اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے بڑے ترقیاتی منصوبے امن اور استحکام کے بغیر ممکن نہیں اس تناظر میں بلوچستان حکومت امن و امان، گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب عوام کو ترقیاتی عمل میں شمولیت کا حقیقی احساس ہو اور حکومت کی ترجیح عوام کی معاشی اور سماجی ترقی ہو، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ذریعے علاقائی اقتصادی ترقی، توانائی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی اقدامات میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر خطے کے ممالک اپنے وسائل کو یکجا کریں اور مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کریں تو ایس سی او پورے خطے میں ترقی و استحکام کے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت شفاف پالیسیوں، شفاف ترقیاتی عمل اور منصفانہ مواقع کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے شہریوں کو تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات تک مکمل رسائی کی فراہمی کے لئے کام کررہے ہیںتاکہ وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں میر سرفراز بگٹی نے پاکستان چین انسٹی ٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز ہمیں خطے کی بے پناہ اقتصادی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد دیتے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس کے ہمسایہ ممالک اور خطے کے عوام مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مل کر آگے بڑھائیں گے ہم ترقی کی راہ پر ثابت قدم ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ باہمی اتحاد، شراکت داری اور باہمی احترام کے ذریعے ہم ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔