چیمپیئنز ٹرافی کا آج سے آغاز، پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ٹاکرا ہوگا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا آج سے باقاعدہ آغاز ہورہا ہے اور ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
آج کے میچ کا انعقاد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے جارہا ہے جہاں میچ سے قبل ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری خصوصی طور پر شریک ہوں گے جبکہ افتتاحی تقریب میں پاک فضائیہ کے لڑاکے طیارے فلائی پاسٹ مارچ کا شاندار مظاہرہ بھی کریں گے۔
اس سے قبل بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ چیمپیئنز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جبکہ بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ دبئی میں کھیلے گی۔
پاکستان اس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کا شائقین کرکٹ کو شدت سے انتظار ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا یہ ایونٹ اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کہ پاکستان 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپیئن بھی ہے۔
دوسری طرف پاکستان آج تک چیمپیئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کو ہرانے میں ناکام رہا ہے، اس بار شائقین کرکٹ یہ دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں کہ کیا پاکستان ہوم گراونڈ پر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اس کی جیت کا یہ تسلسل ختم کرنے میں کامیاب ہوگا یا نہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان نے بھرپور انتظامات کررکھے ہیں اور اس بین الاقوامی ایونٹ سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کا کام ریکارڈ مختصر مدت میں مکمل کیا گیا جس کے بعد یہ دو گراونڈز چیمپیئنزٹرافی کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوان شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کیا ہوگی؟
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپننگ بابر اعظم ہی کریں گے، ہمیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ بابر اعظم اوپننگ نہیں کریں گے۔ بورڈ بابر سے مطمیئن ہے۔ اس لیے وہی مستقبل میں اوپننگ کرے گا۔
کراچی میں نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہے۔ وہ پورے ردھم کے ساتھ باؤلنگ کر رہے ہیں۔ انشااللہ کل کا میچ کھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے۔ چیمپینزٹرافی نے میں کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں گے، اس لیے پوری قوم کو آئی سی سی ایونٹ کو انجوائے کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمیں کمزور سمجھا جاتا ہے، ہم میچ جیت جاتے ہیں۔ ہم سیکھنے کے موڈ میں ہیں۔ ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچز کے نتیجے میں اپنی کمزوریوں سے سیکھنے کی کوشش کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ کل کے میچ میں وہ کمزوریاں نہیں ہوں گی۔
کرکٹ میچز کے دوران کراچی کے شہریوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک کراچی کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سر شاہ سلیمان روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے کھلا رہے گا۔ اس کے علاوہ شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے ۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ کارساز سے آنے والے شہری حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی پارک کرسکتے ہیں۔
ملینیم سے آنے والے شہریوں کو اسٹیڈیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے دائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑیاں پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیوٹاؤن سے آنے والے شہریوں کو اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے آغا خان اسپتال کے بعد بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی دیکھنے والے شائقین کونسی 4 چیزیں اسٹیڈیم نہیں لے جاسکیں گے؟
ایس او پیز کے مطابق شائقین کو پاور بینک ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح ایئرپوڈز کے ساتھ بھی اسٹیڈیم بھی داخلہ منع ہے۔ ان چیزوں کے ساتھ اسٹیڈیم آنے والوں کو سیکیورٹی اہلکار اسٹیڈیم میں داخلے سے روک دیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ گٹکا یا چھالیہ بھی اپنے ہمراہ اسٹیڈیم لے جانے کی ممانعت ہے۔ میچ سے قبل جاری ایس او پیز کے مطابق شائقین کے لیے اپنے ساتھ کھانے پینے کی چیزیں یا پانی کی بوتل لے جانا بھی منع ہے۔
اسٹیڈیم آنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا اصلی شناختی کارڈ اور ٹکٹ کی ہارڈ کاپی اپنے ساتھ رکھیں، آن لائن ٹکٹ یا اس کی سافٹ کاپی کے ساتھ داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ ایونٹ شروع میں ہی بھارت کی ہٹ دھرمی سے تنازع کا شکار رہا، بھارت اپنے میچز پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے پر مصر رہا جس کے بعد اس کے میچز کے لیے پاکستان کے بجائے دبئی کا انتخاب کیا گیا۔
آج سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی 9 مارچ تک جاری رہے گا۔