نہتے شہریوں کو نقصان پہنچانے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں کو نقصان پہنچانے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر بارکھان کے علاقے رڑکن میں دہشت گردوں کی جانب سے مسافروں کو بس سے اتار کر قتل کرنے کی شدید مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

شہباز شریف نے مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی، معصوم شہریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سدباب کیلئے سرگرم عمل ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل بزدلانہ اور گھناؤنا عمل ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد عناصر امن اور انسانیت کے دشمن ہیں اور بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے مجرمان کو جلداز جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کیلئے مغفرت و لواحقین کیلئے صبرواستقامت کی دعا کی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے شہر بارکھان کے علاقے رڑکن میں مسلح افراد نے شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد بس سے اتار کر 7 مسافروں کو قتل کیا، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *