کوئٹہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، زیارت میں برفباری سے موسم مزید سرد
برف باری کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے تحت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش جبکہ زیارت اور گردونواح میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ آج صبح سے شروع ہوا جو تاحال جاری ہے، برفباری کے باعث وادی زیارت نے سفید چادر اوڑھ لی۔
زیرو پوائنٹ، چکور تنگی، ملی گٹ اور سڑی کے مقام پر بھی برفباری جاری ہے، برف باری کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
کوئٹہ اور گردونواح میں رات گئے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے ساتھ ہی خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا۔
شہر و اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ شہر کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو اگلے 12 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
سبی شہر اور گردونواح میں موسم بہار کی پہلی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس موسم سرد ہوگیا۔
مستونگ شہر و گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور موسم خوشگوار ہوگیا۔