بارکھان میں بے گناہ مسافروں کا قتل : حاجی ولی نورزئی کا اظہار مذمت، دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل
"بے گناہ مسافروں کا خون بہانا کسی بھی صورت میں حقوق کی نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی ہے‘ رکن بلوچستان اسمبلی حاجی ولی محمد نورزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے بارکھان میں بے گناہ مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی تشویشناک اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ “بے گناہ مسافروں کا خون بہانا کسی بھی صورت میں حقوق کی نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی ہے۔ اس طرح کی وحشیانہ کارروائیاں ہمارے معاشرتی اور قومی اقدار کے خلاف ہیں۔”پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام طبقات کو متحد ہو کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کی جان قیمتی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
حاجی ولی محمد نورزئی نے واضح کیا کہ “یہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لیے قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔” انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ عوام میں تحفظ کا احساس بحال ہو۔