صفا کوئٹہ” پروجیکٹ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، میر سرفراز بگٹی
صوبائی حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو میرٹ اور قانون کے مطابق ہوگا ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تقریب سے خطاب

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے جس کی صفائی ستھرائی کے لئے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو پورے ڈسٹرکٹ کوئٹہ تک وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی خواب حقیقت میں ڈھلتا ہے تو یہ خوشی کا باعث ہوتا ہے میں آج انتہائی مسرت محسوس کر رہا ہوں اور اس خوشی کا سب سے زیادہ کریڈٹ ان بچوں کو جاتا ہے جو نیلے یونیفارم میں ملبوس ہو کر مشکل حالات میں کوئٹہ میں صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں میں ان کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے “صفا کوئٹہ” پروجیکٹ کے زون 2، 3، 4 توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزیر اعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ اور “صفا کوئٹہ” کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے مشکلات کا شکار ضرور ہوتے ہیں کیونکہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ ان کی من مانیاں ختم ہوں اور کوئٹہ جیسے شہر میں ترقیاتی تبدیلیاں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کے اس انقلابی اقدام سے بعض مافیاز پریشان ہو رہے ہیں مگر ہم سب مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کریں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان میرے تمام وزراء اور کوئٹہ کے تمام منتخب نمائندے “صفا کوئٹہ” کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان مکمل طور پر “صفا کوئٹہ” کی حمایت جاری رکھے گی اور کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں میٹروپولیٹن یونین کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کوئٹہ کی صفائی کے لیے اپنی خدمات پیش کیں اور اس مثبت اقدامات میں ساتھ دیا ہم ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جو میرٹ اور قانون کے مطابق ہوگا چاہے وہ اساتذہ کی بھرتی ہو، ڈاکٹروں کی تعیناتی ہو یا سیکریٹریٹ میں اصلاحات کا عمل ہو ، وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا اگر کوئی ہڑتال کرنا چاہتا ہے تو وہ پورا سال کرے مگر عوامی مفاد کے خلاف کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے مجھے یہ اختیار دیا ہے کہ میں عام شہری کی خدمت کروں اور اس خدمت میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے اعلان کیا کہ “صفا کوئٹہ” پروجیکٹ کو مزید وسعت دی جائے گی اور اس کا دائرہ پورے ضلع کوئٹہ تک پھیلایا جائے گا انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے کا حصہ بنیں اور اپنے گھروں اور بازاروں کو صاف رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر نوجوانوں اور تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اور اس کی صفائی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ جناح روڈ اور دیگر بازاروں میں صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ کوئٹہ کو پاکستان کے صاف ترین شہروں میں شامل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ “صفا کوئٹہ” ٹیم کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا اور اس حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں روزانہ “صفا کوئٹہ” کی سوشل میڈیا رپورٹس کا جائزہ لیتا ہوں شہر سے متعلق عوام کی رائے کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے خاص طور پر ائیرپورٹ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔
تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو وزیر اعلیٰ بلوچستان نے “صفا کوئٹہ” کے تمام کارکنان، کوئٹہ کی عوام اور تمام سرکاری اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور عزم کیا کہ بلوچستان میں مزید ترقیاتی تبدیلیاں لائی جائیں گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہمارے معاشرتی اور ثقافتی اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ رہا ہے بلوچ کلچر، پشتون کلچر، ہزارہ کلچر و دیگر آباد قبائل کی ثقافت ہماری پہچان رہی ہے لیکن ان ظالموں نے تمام روایات کو پس پشت ڈال کر معصوم مسافروں کو شہید کیا بحیثیت قوم ہمیں اس واقعے کی بھرپور مذمت کرنی چائیے ۔