ترقیاتی اسکیموں کے انتخاب میں میرٹ اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہو سکیں

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئندہ مالی سال 2025/26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، بجٹ کی تقسیم، اور ترجیحی شعبوں پر تفصیلی غور کیا گیا وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں کو عوامی ضروریات اور بلوچستان کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہو سکیں میر سرفراز بگٹی نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں شفافیت اور موثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقیاتی اسکیموں کے انتخاب میں میرٹ اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر شعبے میں جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ پی ایس ڈی پی کے تحت نئے منصوبوں کی منصوبہ بندی میں جدید تکنیکی طریقے اپنائیں تاکہ ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکےاجلاس کے دوران مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے وزیر اعلیٰ کو اپنے اپنے محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا وزیر اعلیٰ نے حائل مشکلات کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور محکموں کو تاکید کی کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔