موٹرویز سمیت تمام منصوبوں پر ن لیگ کی مہر، دنگا کرنیوالے سزا بھگت رہے ہیں: مریم نواز شریف

لاہور ( قدرت روزنامہ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ موٹر ویز سمیت تمام منصوبوں پر مسلم لیگ ن کی مہر لگی ہے، ملک میں دنگے، فساد شروع کرنے والے آج سزا بھگت رہے ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق الیکٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں لا رہے ہیں، پنجاب میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسیں بھی نواز شریف نے ہی متعارف کرائی ہیں، عوام کو ریلیف پر نواز شریف اور مجھ سے زیادہ کوئی خوش نہیں ہوتا۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین اور کلین پنجاب منصوبہ آج ایک حقیقت بن چکا ہے، آج میں نے گرین بس میں سفر کیا، 27 بسیں پنجاب آ چکی ہیں جو کل سے سڑکوں پر ہوں گی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ انتہائی کم رکھا گیا ہے، یہ کرایہ تمام صوبوں سے کم ہے جبکہ بسوں میں فری وائی فائی اور چارجنگ کی سہولت بھی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام بسوں کے اندر سی سی ٹی وی لگے ہیں، طلبہ اور خصوصی افراد کو الیکٹرک بسوں کا کارڈ مفت ملے گا، سموگ کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت نے اقدامات کئے ہیں، الیکٹرک بسوں میں شہریوں کیلئے مختلف سہولیات ہیں، الیکٹرک بس میں سفر کے دوران خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور محفوظ ٹرانسپورٹ کی سہولت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ایسے پراجیکٹ شروع ہونے سے سب کو حیرانی ہوتی ہے، پہلے تو دنگا فساد چلتا رہا، ڈویلپمنٹ مسلم لیگ (ن) کا برانڈ ہے، باقی صوبوں کے پاس تو کام بتانے کیلئے ہے نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سب کے سامنے حلفاً کہتی ہوں ایک بھی پراجیکٹ شہباز شریف سے نہیں مانگا، میری کوشش ہوتی ہے کہ پنجاب کے وسائل سے پراجیکٹ لانچ کریں، خدمت میں مسلم لیگ ن کی ایک پوری تاریخ ہے، پنجاب کے بجٹ سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سوال پوچھے پہلی ایئر ایمبولینس کس نے بنائی، نواز شریف نے، لاہور میں پہلا نواز شریف کینسر ہسپتال بن رہا ہے، اپنا گھر سکیم کے تحت 20 ہزار گھروں کیلئے قرضے دیئے جا چکے ہیں، ہر دفعہ ملک کو بحرانوں سے نواز شریف نے نکالا، کچھ تلخ حقائق بھی ہیں جواب دیں یا نہ دیں سب کو پتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کون ہے جس نے پاکستان میں فتنہ، فساد شروع کیا نام بتانے کی ضرورت نہیں، آج وہ سزا بھگت رہے ہیں، میں صبح سے شام تک پنجاب میں خدمت کر رہی ہوں، پی ٹی آئی دور میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا تھا، ملک پر حملہ کرنے کا دھبہ کس پر لگا؟ نام نہیں لینا لیکن نام تو آتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نو مئی کو جناح ہاو¿س پر حملہ کیا گیا، پہلی بارشہدا کی یادگاروں پر کس نے حملہ کیا؟ نام نہیں لینا چاہتی، ہم نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں، یہ نوجوانوں کو پٹرول بم اور کیلوں والے ڈنڈے دیتے ہیں، انہوں نے پاکستان کی تباہی کر دی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کل نارووال دیکھا صاف ستھرا تھا، ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر، شہر صفائی ہو رہی ہے، نوازشریف نے ملک کو بحران سے نکال دیا ہے، ملک بار بار دنگا، فساد اور بدتمیزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کی ترقی کیلئے ن لیگ کی حکومت کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *