نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کیوں ہوئی؟ پاکستانی کپتان محمد رضوان نے وجہ بتادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم نے توقع سے زیادہ بڑا ہدف دیا، ہم نے سوچا تھا کہ وہ 260 کے قریب رنز بنائیں گے، خاص طور پر جب ہم نے شروع میں وکٹیں حاصل کیں، لیکن ولی یانگ اور لیتھم کی پارٹنرشپ نے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔
محمد رضوان نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہوشیاری سے بیٹنگ کی، جس کی وجہ سے وہ بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوئے، وکٹ شروع میں بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی لیکن ینگ اور لیتھم کی اننگز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہ ’ہم نے کوشش کی لیکن آخری اوورز میں ہماری گیندبازی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی جس سے وہ بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے 2بار اپنا ردھم کھویا، پہلے باؤلنگ کے آخری اوورز میں اور پھر بیٹنگ کے پاور پلے میں، جہاں فخر زمان کا نہ ہونا ایک بڑا نقصان ثابت ہوا۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں جس کی وجہ سے آج کے میچ میں ہم پر دباؤ تھا، یہ میچ ختم ہوگیا، اب اگلا میچ ہمارے لیے ایک عام میچ کی طرح ہے۔
فخر زمان کی انجری کے حوالے سے رضوان نے کہا کہ دیکھتے ہیں اسکین کی رپورٹ کیا کہتی ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرا دیا ہے، قومی ٹیم کا اگلا میچ دبئی میں 23 تاریخ کو بھارت کے خلاف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *