بالی ووڈ اسٹارز سلمان خان اور عامر خان کس فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ میں فلموں کو ری ریلیز کرنے کا نیا رجحان بڑھ رہا ہے، حال ہی میں پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ ری ریلیز کی گئی جس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔
اب بالی ووڈ کی بہترین کامیڈی فلم ’ انداز اپنا اپنا‘ جو 4 نومبر 1994 کو تھیٹرز میں ریلیز ہوئی تھی اس کو بھی اپریل میں دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔ اس فلم میں عامر خان، سلمان خان، روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
اس فلم کے بعد شائقین نے ان اداکاروں کو ایک ساتھ کسی فلم میں نہیں دیکھا، مگر عامر خان اور سلمان خان کو انڈیا کے معروف ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں ایک ساتھ دیکھا گیا جب عامر خان اپنی فلم کی تشہیر کے لیے شو میں آئے تھے۔
حال ہی میں عامر خان اپنے بیٹے جنید خان کی فلم ’لوویاپا‘ کی تشہیر کے لیے آئے تھے۔ اس موقع پر سلمان خان بھی موجود تھے۔ مداحوں کے لیے یہ ایک خوشگوار لمحہ تھا۔
اس کے بعد مداحوں میں یہ امید پیدا ہوئی کہ سلمان خان اور عامر خان ’انداز اپنا اپنا‘ کے ممکنہ سیکوئل میں دوبارہ ایک ساتھ نظر آ سکتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ایک اشارہ ہو سکتا ہے کہ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کا سیکوئل بنایا جا رہا ہے۔ حالانکہ اس سیکوئل کے بارے میں ابھی تک کچھ واضح نہیں کیا گیا ہے۔
کام کے حوالے سے بات کی جائے تو سلمان خان اپنی فلم ’سکندر‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، جو 28 مارچ 2025 کو ریلیز ہوگی۔ اس فلم کی ہدایتکاری اے آر مرگدوس کریں گے اور رشیکا منڈانا اس میں خاتون مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
عامر خان کی آخری فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ تھی، جو 11 اگست 2022 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور خان بھی تھیں۔ عامر خان اپنی اگلی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *