وزیراعظم غریب عوام کو رمضان پیکج میں کیا کیا ریلیف دیں گے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہر سال حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اسپیشل رمضان پیکج کا اعلان کیا جاتا ہے، کبھی سستے رمضان بازار لگائے جاتے ہیں، کبھی مفت آٹا فراہم کیا جاتا ہے تو کبھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا رعایتی نرخوں پر فراہم کی جاتی ہیں تاہم اس مرتبہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے 5 ہزار روپے کی کیش مالی امداد کی تجویز سامنے آ رہی ہے، اس پیکج کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت اس مرتبہ ملک بھر کے 39 لاکھ مستحق خاندانوں کو ایک ہی مرتبہ 5 ہزار روپے کی نقد رقم دینے کی تجویز دی گئی ہے، اس ریلیف ریلیف پیکج کے لیے 20 ارب 50 کروڑ روپے کے بجٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس ریلیف پیکج کے لیے 10 ارب روپے وزارت صنعت وپیداوار کے بجٹ سے، 2 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ سے اور 8 ارب 50 کروڑ روپے وزارت خزانہ کے بجٹ سے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس مرتبہ رمضان ریلیف پیکج یوٹیلیٹی اسٹورز، سستی رمضان بازاروں، مفت آٹا سکیمز یا کسی اور ذریعے سے فراہم نہیں کیا جائے گا بلکہ ایک خاندان کو ایک مرتبہ 5 ہزار روپے کی رقم نقد فراہم کی جائے گی۔