ورلڈ کپ جیتنے کے بعد خاتون کھلاڑی کو زبردستی چومنے والے فٹبال چیف کو جنسی حملے کا مجرم قرار دے کر سزا سنادی گئی

میڈرڈ (قدرت روزنامہ) سپین کی ایک عدالت نے سابق فٹبال چیف لوئس روبیالس کو فٹبالر جینی ہرموسو کو زبردستی چومنے کے الزام میں جنسی حملے کا مرتکب قرار دیا ہے۔ یہ واقعہ 2023 ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد پیش آیا تھا۔ روبیالس کو عدالت نے دباؤ ڈالنے کے الزامات سے بری کر دیا تاہم انہیں 10 ہزار یورو (تقریباً 10,455 ڈالر) جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے روبیالس کو ایک سال تک ہرموسو سے 200 میٹر (660 فٹ) کے فاصلے پر رہنے اور کسی بھی قسم کا رابطہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ سپین کی ویمن فٹبال ٹیم کی تاریخی فتح کے بعد پیش آیا، جس نے کھیلوں میں خواتین کے ساتھ ہونے والے صنفی امتیاز پر بحث کو جنم دیا۔ 47 سالہ روبیالس نے شدید تنقید کے بعد ستمبر 2023 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

جینی ہرموسو نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ بوسہ ان کی مرضی کے خلاف تھا اور اس سے انہیں شدید بے عزتی محسوس ہوئی، جبکہ روبیالس نے دعویٰ کیا کہ یہ عمل باہمی رضامندی سے ہوا تھا۔ انہوں نے عدالت میں کہا کہ وہ اب بھی اس بات پر “مکمل طور پر یقین رکھتے ہیں” کہ بوسہ باہمی رضامندی سے دیا گیا تھا۔

استغاثہ نے روبیالس کے لیے ایک سال قید کی سزا تجویز کی تھی جبکہ ان پر ہرموسو پر دباؤ ڈالنے کے الزام میں مزید 18 ماہ کی سزا کی بھی درخواست دی گئی تھی۔ الزام تھا کہ روبیالس اور دیگر اعلیٰ فٹبال عہدیداروں نے ہرموسو کو مجبور کرنے کی کوشش کی کہ وہ بوسے کو باہمی رضامندی سے دیا گیا قرار دیں اور معاملے کو معمولی بنا کر پیش کریں۔

عدالت نے روبیالس کو جیل بھیجنے کے بجائے جرمانے کی سزا سنائی اور انہیں اور تین دیگر ملزمان کو دباؤ ڈالنے کے الزام سے بری کر دیا۔ جج جوز مینوئل فرنینڈیز پرییتو نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وہ ہرموسو کے اس بیان کو درست سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بوسے پر رضامندی نہیں دی تھی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ حملہ “قابل مذمت” تھا، تاہم یہ معمولی نوعیت کا تھا کیونکہ اس میں کوئی تشدد یا دھمکی شامل نہیں تھی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ چونکہ یہ واقعہ ایک وقتی عمل تھا اور ملزم کو جرم کے لیے کسی خاص بحالی کی ضرورت نہیں اس لیے جرمانے کی سزا دی جا رہی ہے، جو قید کی سزا سے کم سخت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *