5 مچھر لاؤ اور انعام لے جاؤ، وہ جگہ جہاں حکام نے تنگ آکر دلچسپ سکیم متعارف کرادی

منیلا (قدرت روزنامہ) فلپائن کے ایک گنجان آباد شہری علاقے میں ڈینگی کی وبا کو روکنے کے لیے مچھروں کے بدلے نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ برنگائے ایڈیشن ہلز کے سربراہ کارلیٹو سرنال نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی پانچ مچھر فراہم کرے گا اسے ایک پیسو (تقریباً 2 امریکی سینٹ سے بھی کم) بطور انعام دیا جائے گا۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ان کے علاقے میں دو طلبہ ڈینگی کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
سرنال کے مطابق یہ انعامی سکیم صفائی مہم اور پانی کی نکاسی کے دیگر اقدامات کے ساتھ معاونت کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے تاکہ ان مقامات کو ختم کیا جا سکے جہاں ڈینگی کے مچھر اپنے انڈے دیتے ہیں۔ یہ انعامی پیشکش زندہ اور مردہ مچھروں اور ان کے لاروا پر بھی لاگو ہوگی۔ زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ روشنی کی مدد سے مارا جائے گا۔

فلپائن کے محکمہ صحت (ڈی او ایچ) نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ مقامی حکام کی اچھی نیت کی قدر کرتے ہیں۔ محکمے نے کہا “ہم تمام متعلقہ افراد سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ سائنسی بنیادوں پر ثابت شدہ طریقوں کے بارے میں اپنے مقامی صحت افسران یا محکمہ صحت کے علاقائی دفاتر سے مشورہ کریں۔”

برنگائے ایڈیشن ہلز تقریباً 70 ہزار افراد پر مشتمل ایک انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے جو دارالحکومت میٹرو منیلا کے مرکز میں واقع ہے۔ سرنال کے مطابق حالیہ ڈینگی پھیلاؤ کے دوران علاقے میں 44 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق یکم فروری تک 28 ہزار 234 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *