’عمران خان کو رہا کرکے پاکستانی ٹیم کو گرفتار کرلیں‘، نیوزی لینڈ سے شکست پر شائقین برہم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان پورا نہ کر سکا۔
پاکستان کی ٹیم کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین پاکستانی ٹیم پر خوب تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔
احمد وڑائچ لکھتے ہیں کہ نیوزی لینڈ نے 11 دن میں پاکستان کو پاکستانی گراؤنڈ میں تیسری بار ہرایا ہے، ایک بار لاہور، 2 بار کراچی۔ پہلے 78 رن سے ، پھر 5وکٹوں سے، آج 60 رن سے۔ مانیں نہ مانیں پاکستان کی کمٹمنٹ کمال کی ہے۔
ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اگر پاکستان بولنگ اچھی کرے تو بیٹنگ بری کرتا ہے اور اگر بیٹنگ اچھی کرے تو فیلڈنگ نہیں کرتا۔ صارف نے لکھا کہ یہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا مسئلہ ہے۔
صحافی اسد علی طور لکھتے ہیں کہ پاکستان نے میزبانی کا حق ادا کردیا ہے۔ مہمان ٹیم نیوزی لینڈ سے ہار گیا، انہوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پیکا ایکٹ کے بعد مُثبت رپورٹنگ کر رہے ہیں۔
مغیث علی نے لکھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا مایوس کن آغاز، شاہین اونچی اڑان نہ بھر سکے، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی، بھارت اور پاکستان کا میچ اب ناک آؤٹ ثابت ہوسکتا ہے۔
حرا خان نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں پاکستان کی ہار کی وجہ کون بنا ؟
شازیہ نامی صارف نے لکھا کہ عمران خان کو رہا کر کے پاکستان کرکٹ ٹیم کو گرفتار کر لیں۔
ایک ایکس صارف نے میم شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’ٹورنامنٹ شروع ہوتے ہی ختم ہو گیا‘۔
سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے کہا کہ بابر اعظم اپنے لیے کھیلا ہے یا پاکستان کے لیے؟ انہوں نے کہا کہ جب بابر اعظم کو ہم کچھ بولتے ہیں تو کہتے ہیں ہم غدار ہیں، کیا بابر اعظم بڑا ہے یا پاکستان؟
واضح رہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی میں اپنا دوسرا میچ رویتی حریف انڈیا کے خلاف 23 فروری کو دبئی میں کھیلے گا۔