ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام عمران خان نیازی اسٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام بدل کر عمران خان نیاز ی اسٹیڈیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ارسال کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ تبدیلی نام کی حتمی منظوری دیں گے۔
وزیراعلیٰ کو بھیجی گئی سمری کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کے تاریخی پارک شاہی باغ کے احاطے میں واقع ہے۔ اس سمری میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام سے لیکر مختلف امور کاذکر کیا گیا ہے۔
سمری کے مندرجات کے مطابق صوبے میں بین الاقوامی معیار کے کھیل کی سہولیات صوبائی یا وفاقی حکومتوں کے ذریعے قائم کی گئیں۔ سیاسی شخصیات اور سابق بین الاقوامی/قومی سطح کے کھلاڑیوں کی خدمات کے اعتراف میں ان کے ناموں سے منسوب کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کا لالہ ایوب ہاکی اسٹیڈیم اور عبدالقیوم اسٹیڈیم پشاور اسپورٹس کمپلیکس کا نام بھی اہم شخصیات سے منسوب ہے۔
اس کے علاوہ عبدالولی خان اسپورٹس کمپلیکس چارسدہ اور اوزی محب ہاکی اسٹیڈیم بنوں بھی اہم شخصیات کے ناموں سے منسوب ہیں۔