فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون 50 سے زائد مراکزکو جرمانے عائد کردیئے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناقص اور غیر معیاری اشیا خوردونوش کی تیاری و فروخت کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مختلف اضلاع میں 50 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردیے گئے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے جیونی میں 6، اوستہ محمد میں 4، خضدار میں 6، خاران میں 7 جبکہ کوئٹہ میں 29 کھانے پینے کے مراکز کو مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا، جن میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، دودھ سمیت متفرق اشیا میں ملاوٹ، زائد المعیاد مصنوعات رکھنے اور لائسنس کی عدم دستیابی شامل ہیں۔کارروائیوں کے دوران جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، ملک شاپس، ہوٹلز، نان شاپس، فاسٹ فوڈ کارنرز، بیکریاں، سرکہ کارخانہ اور گوشت کی دکانوں سمیت مختلف مراکز کو چیک کیا گیا۔ دورانِ معائنہ کئی مراکز سے زائد المعیاد خوردنی اشیا اور پابندی شدہ مصنوعات برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے اتھارٹی کی خصوصی ملک سیفٹی اور زونل ٹیموں نے مذکورہ اضلاع میں 100 سے زائد دکانوں سے دودھ کے نمونے لے کر موقع پر ٹیسٹ کیے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر متعدد دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔علاوہ ازیں، اتھارٹی کی سابقہ ہدایات اور بارہا تنبیہ کے باوجود بغیر لائسنس اشیا خوردونوش کی فروخت پر بھی متعدد مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کھانے پینے کی مصنوعات کے کاروباری حضرات کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی، ناقص خوراک کے کاروبار اور فصڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *