شہباز گل نے عمران خان کے 2 موبائل چوری کرکے جنرل فیض حمید کو دیے، شیر افضل مروت کا الزام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی کے امریکہ میں مقیم رہنما شہباز گل نے عمران خان کے 2 موبائل چوری کر کے فیض حمید کو دیے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی انکوائری کرائی گئی اور اس کے نتیجے میں شہباز گل کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، رکن قومی اسمبلی کے مطابق شہباز گل نے بیان دیا تھا کہ وہ موبائل فون جہاز میں چھوڑ آئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے شہباز گل کو اس کی یہ سزا دی کہ آج تک وہ شہباز گل سے نہیں ملے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میرے گھر اور دفتر میں یہ شخص نہیں آئے گا۔ اور شہباز گل ڈیل کر کے ملک سے باہر چلے گئے۔
شیر افضل مروت کے مطابق اس بات کی تصدیق حافظ فرحت کر سکتے ہیں جو شہباز گل کے بعد عمران خان کے چیف آف اسٹاف بنے۔
واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے واضح احکامات کے باوجود شیر افضل مروت نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات کے خلاف بیانات دیے ہیں جو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے پر کہا ہے کہ شیر افضل مروت کو میری وجہ سے نہیں نکالا گیا، ہمارا کوئی ذاتی یا نظریاتی اختلاف نہیں ہے، متعدد پارٹی رہنماؤں نے ان کے خلاف شکایات کی تھیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ شیر افضل مروت نے بد زبانی کی اور پارٹی پالیسی کے برعکس بیانات دیے۔ سعودی حکومت اور مذاکراتی عمل سے متعلق بھی متنازع بیانات دیے۔ ایسی صورت میں بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل کو پارٹی سے نکالنےکا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا شیر افضل کے رستے میں نہیں کھڑا، نہ ان سے کوئی مقابلہ ہے، بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کو واپس لانا چاہیں گے تو واپس لائیں گے، بانی پی ٹی آئی ان کو باہر رکھنا چاہیں گے تو باہر رکھیں گے۔ میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ شیر افضل مروت نے تنقید یا مناظرہ کرنا ہے تو بانی پی ٹی آئی سے کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *