جامعہ بلوچستان میں امتحانی بدعنوانی ایک سنگین شکل اختیار کر چکی ہے، بی ایس او (شال زون)


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (شال زون) کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امتحانی بدعنوانی ایک سنگین شکل اختیار کر چکی ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہیں۔ امتحانی نظام میں موجود کرپٹ عناصر نے سینکڑوں طلبہ کے پیپرز اور حاضری کی شیٹس غائب کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں اہل اور محنتی طلبہ کو دانستہ طور پر ناکام بنایا جا رہا ہے۔یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ جامعہ کے کنٹرولر امتحانات اور متعلقہ انتظامیہ خود اس کرپشن میں ملوث ہے، جہاں مالی مفادات کے عوض نااہل افراد کو کامیابی دی جاتی ہے جبکہ غریب اور حق دار طلبہ کو مختلف بہانوں سے فیل کیا جاتا ہے۔ یہ تعلیمی بددیانتی ایک مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر کے ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مستقبل کو تباہ کیا جا سکے۔ بی ایس او واضح کرنا چاہتی ہے کہ یہ ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں شفافیت اور مساوی حقوق کی بحالی کے لیے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کرپٹ عناصر کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ ہم حکومت، تعلیمی حکام اور عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس سنگین کرپشن کا نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اگر اس تعلیمی استحصال کا خاتمہ نہ کیا گیا تو بلوچ طلبہ اپنے جائز حقوق کے لیے ہر ممکن مزاحمت کریں گے۔ بی ایس او تمام طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *