چیمپئنز ٹرافی: دبئی میں بارش کا امکان، کیا پاک بھارت ٹاکرا متاثر ہو سکتا ہے؟


دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم “رنگ آف فائر” پاکستان اور بھارت مقابلہ کرانے کیلئے تیار ہے اور شائقین بھی پُر جوش ہیں۔
البتہ دبئی میں آج کل روزانہ رات میں خنک ہوا چل پڑتی ہے لیکن کیا اتوار کو دبئی میں بارش ہوسکتی ہے؟ متعدد شائقین یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں۔
دبئی میں منگل، 18 فروری کو بارش ہوئی، جس نے جمعرات کو بھارت اور بنگلا دیش کے میچ پر بھی خدشات بڑھا دیے تھے۔
متحدہ عرب امارات کے بلند ترین پہاڑ جبل جیس، راس الخیمہ میں بارش اور اولے پڑے لیکن بنگلا دیش بھارت کے میچ پر بارش کا اثر نہیں ہوا۔
البتہ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہونے والے میچ پر بارش کے خطرات برقرار ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ اگر دبئی میں بارش ہوئی تو بہت کم وقت کیلئے بادل برسے گا جس سے میچ متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔
دبئی میں اتوار کے روز دن کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے قوانین کے مطابق گروپ اسٹیج میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔
شائقین پُرامید ہیں کہ ہلکی بارش کے باوجود پاک بھارت مقابلہ شائقین کو مایوس نہیں کرے گا اور ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *