یہ ایک شاندار مقابلہ تھا، دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل پیش کیا، انگلش کپتان جوز بٹلر کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ) انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے آسٹریلیا کے خلاف 5 وکٹوں سے شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک شاندار مقابلہ تھا، دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل پیش کیا۔ آسٹریلیا کو جیت کا کریڈٹ دینا بنتا ہے، خاص طور پر جوش انگلس کی اننگز لاجواب تھی۔
بٹلر نے کہا کہ ان کی ٹیم نے مضبوط ہدف دیا تھا لیکن گیلی وکٹ اور اوس نے باؤلرز کے لیے مشکلات پیدا کیں۔ 350 ایک اچھا سکور ہے لیکن کنڈیشنز ہمارے خلاف تھیں۔انگلینڈ کپتان نے بین ڈکٹ کی 165 رنز کی زبردست اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہاوہ تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں اور کافی عرصے سے ایسی بڑی اننگز کھیلنے کے قریب تھے، افسوس یہ کہ ان کی یہ شاندار اننگز جیت میں تبدیل نہ ہو سکی۔بٹلر نے کہا کہ بلے بازوں کو اپنی کارکردگی پر نہیں بلکہ بڑی پارٹنرشپ بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ روٹ اور ڈکٹ نے یہ کام بہترین انداز میں کیا۔انگلش کپتان نے کہا کہ روٹ اور لیونگ اسٹون نے اچھی باؤلنگ کی اور مواقع بھی پیدا کیے لیکن آسٹریلیا کو کریڈٹ دینا ہوگا کہ ہم ان کی شراکت توڑنے میں ناکام رہے۔
اختتام پر جوز بٹلر نے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہمیں اپنی صلاحیتوں پر مکمل یقین ہے اگر ہم مسلسل 350 کا اسکور کرتے رہے تو زیادہ تر مواقع پر ہم کامیاب ہوں گے۔