چیمپئنزٹرافی کے5 مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری، چھٹی بار پاک بھارت آج آمنے سامنے ہونگے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز میں اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج دبئی میں ہوگا۔
پاک بھارت میچ سے قبل فینز پر کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے اور شائقین بھی پُر جوش ہیں کہ انہیں ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملےگا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےگزشتہ ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کی بات کی جائے تو اس میں پاکستان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔
چیمپئنز ٹرافی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 5 بار آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے 3 بار پاکستان فاتح رہا ہے جب کہ 2 بار بھارت کو فتح حاصل ہوئی ہے۔
دونوں ٹیمیں پہلی بار 2004 کی چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آئی تھیں، انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلےگئے میچ میں انضام الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم پہلےکھیلتے ہوئے 50 ویں اوور میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستانی ٹیم نے 201 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندوں قبل پورا کرلیا تھا۔ 81 رنز کی شاندار اننگز پر محمد یوسف مین آف دی میچ ایوارڈ کے حقدار قرار پائے تھے۔
دوسری بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا 2009 میں ہوا تھا جس میں بھی قومی ٹیم نے بھارت کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔ جنوبی افریقا کے شہر سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں یونس خان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 302 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 45 ویں اوور میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ 128 رنز کی شاندار اننگز پر شعیب ملک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
تیسری بار اس ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 2013 میں برمنگھم میں ٹکرائی تھیں جہاں پہلی بار بھارتی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی تھی۔ بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستانی ٹیم 40 ویں اوور میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے ہاتھ میں تھی۔ بھارتی ٹیم نے 19 اعشاریہ ایک اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 102 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا اور پھر میچ ریفری نے ڈی ایل ایس میتھڈ پر بھارت کو فاتح قرار دے دیا، بھارت کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو 19 رنز دیکر 2 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
چوتھی بار دونوں ٹیمیں 2017 میں ایک بار پھر برمنگھم میں آمنے سامنے آئیں جہاں جیت دوبارہ بھارتی ٹیم کے حصے میں آئی۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 48 مقررہ اوور میں 319 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 34 ویں اوور میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 32 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلنے پر یووراج سنگھ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
پانچویں بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں ہوا جہاں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی اور پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیتنےکا اعزاز حاصل کیا۔ لندن میں کھیلےگئے اس بڑے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر 338 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 31 ویں اوور میں 158 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔114 رنز کی شاندار اننگز پر فخر زمان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں حاصل کرنے پر حسن علی مین آف دی سیریز کا ایوارڈ لے اڑے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *