گھروں کی تعمیر کےلئے قرضوں کے اجرا میں نمایاں کمی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گھروں کی تعمیر کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کے اجرا میں جنوری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 3.7فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2025 میں گھروں کی تعمیر کے لئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 200 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سا ل جنوری کے مقابلہ میں 3.7 فیصد کم ہے۔
گزشتہ سا ل جنوری میں گھروں کی تعمیر کے لئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 208 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔ دسمبر کے مقابلہ میں جنوری میں گھروں کی تعمیر کے لئے قرضہ جات کی فراہمی میں ماہانہ بنیادوں پر 0.1 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
دسمبر میں گھروں کی تعمیر کے لئے قرضہ جات کے اجرا کا حجم 200 ارب روپے ریکارڈکیاگیا ۔ واضح رہے کہ جنوری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9683 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 15.9 فیصد زیاد ہ ہے۔