آج سے لاکھوں سمارٹ فونز پرواٹس ایپ کام نہیں کرے گا،کیا آپ کافون بھی اس میں شامل ہے؟تفصیلات جانیں اس خبرمیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)واٹس ایپ صارفین کو خبردار کیا جاتا ہے کہ آج سے ان تمام موبائل فونز پر واٹس ایپ اکاونٹ بند ہوجائیں گے جو پرانے سافٹ ویئر کے تحت استعمال ہورہے ہیں۔ دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ جو صارفین اینڈرائیڈ موبائلز 4.0.4 ورژن یا پھر آئی او ایس موبائل فونز کو پرانے آپریٹنگ سسٹم پر استعمال کر رہے ہیں وہ یکم نومبر سے واٹس ایپ اکاونٹس استعمال نہیں کرسکیں گے۔ واٹس ایپ اکاونٹ کو استعمال کرنے کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے موبائل فونز میں نیا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کریں تاکہ ان کا واٹس ایپ اکاونٹ بند ہونے سے رک جائے ورنہ دوسری صورت میں صارفین کو نیا موبائل فون خریدنا پڑ سکتا ہے۔ واٹس ایپ اکاونٹس کو بحال رکھنے کیلئے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ 4.1 یا 4.3 ورژن اپڈیٹ کریں جسے ‘اینڈرائیڈ جیلی بین’ بھی کہا جاتا ہے جبکہ آئی فون صارفین کو آئی او ایس 10 یا اس سے آگے کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنا پڑے گا۔

صارفین اپنے موبائل فونز کی سیٹنگز میں جاکر یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ان کا موبائل پرانے آپریٹنگ سسٹم یا ورژن کے تحت کام کر رہا ہے یا نہیں۔ اس کو چیک کرنے کیلئے سیل فون میں موجود سیٹنگز کے آپشن پر کلک کریں اور اباوٹ فون میں جائیں جہاں سے آپریٹنگ سسٹم کا ورژن باآسانی معلوم ہوجائے گا۔ تاہم اگر کوئی صارف کااسمارٹ فون پرانے ورژن پر کام کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ ‘سسٹم اینڈ اپڈیٹس’ پر جائے اور وہاں سے سافٹ ویئر اپڈیٹ کرے تاکہ وہ واٹس ایپ اکاونٹ کو محفوظ کر سکیں۔ اس کے علاوہ اگر کسی صارف کا فون نیا ورژن اپڈیٹ کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو اسے اس صورت میں واٹس ایپ اکاونٹ استعمال کرنے کیلئے نیا اسمارٹ فون خریدنا پڑے گا۔ اس صورتحال میں ضروری ہے کہ صارف اپنی بیک اپ چیٹ محفوظ رکھے۔ چیٹ کا بیک ایپ رکھنے کیلئے ایپ کی دائیں جانب دیے گئے تین نقطوں پر کلک کریں، اس کے بعد سیٹگز کے آپشن پر کلک کریں پھر ‘چیٹ’ پر جائیں اور ‘چیٹ بیک اپ’ کے آپشن پر کلک کریں جس کے بعد ہرے رنگ کا ‘بیک اپ’ آپشن موجود ہوگا اس پر کلک کر کے صارف اپنی چیٹ محفوظ کرسکتا ہے۔