اتنی آسان پچ پر کسی نے بھی قدموں کا استعمال نہیں کیا، محمد یوسف کی قومی ٹیم پر کڑی تنقید

لاہور (قدرت روزنامہ) سابق کرکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں نے قدموں کا استعمال نہیں کیا، اتنی اچھی پچ پر بھی کسی نے چانس نہیں لیا۔
چیمپینز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد نجی ٹی وی سماء سے گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ اس میچ میں پازیٹو مائنڈ کے ساتھ کھیلنا چاہیے تھا، یہ پریشر والا گیم ہوتا ہے جس میں اعصاب پر قابو رکھنا ہوتا ہے۔
انہوں نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کو اللہ نے اتنا اچھا ٹاس جتوادیا تھا، ٹاس جیتنے کے بعد تالیاں بج گئی تھیں، پچ بہت اچھی تھی، کوئی بال سپن نہیں ہو رہا تھا، پانچ فیلڈر اندر تھے لیکن پھر بھی کسی نے قدموں کا استعمال نہیں کیا، یا سویپ ماری ہے یا مڈ وکٹ کی طرف کھیلنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پچ پر بال بریک ہی نہیں ہو رہا تھا ، اس کے باوجود کسی نے چانس ہی نہیں لیا کہ باہر نکل کر سامنے مار لیں، اگر بال بریک ہو رہا ہو تو پھر انسان محتاط ہوتا ہے کہ کہیں سٹمپ آؤٹ نہ ہوجائے۔ بھارت کے اوپنرز فاسٹ باؤلرز کو بھی باہر نکل کر مار رہے تھے لیکن ہمارے کھلاڑیوں نے سپنرز پر بھی چانس نہیں لیا۔
خیال رہے کہ بھارت نے چیمپینز ٹرافی کے میچ میں پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف اپنا ٹریک ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے بھرپور فارم دکھائی۔ انہوں نے گرین شرٹس کے خلاف سنچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔