“سود حرام ہے” وہ وقت جب شاہ رخ خان نے اپنی رقم واپس لیتے ہوئے سود شامل کرنے سے انکار کردیا

ممبئی (قدرت روزنامہ) معروف فلم ساز روی چوپڑا کی اہلیہ رینو چوپڑا نے حال ہی میں بالی ووڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کی فراخ دلی کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے ان کے بیٹے ابھے چوپڑا کی فلم ’اتفاق‘ کی مالی معاونت بغیر سکرپٹ پڑھے کی۔ سنہ 2017 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں اکشے کھنہ، سدھارتھ ملہوترا اور سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ رینو چوپڑا کے مطابق شاہ رخ خان نے نہ صرف فلم کو سپورٹ کیا بلکہ پروڈکشن کے لیے دی گئی رقم پر سود لینے سے بھی انکار کر دیا اور اسے ’حرام‘ قرار دیا۔
نیوز 18 کے مطابق رینو چوپڑا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ شاہ رخ خان ہمیشہ سے ان کے ساتھ احترام کا رویہ رکھتے ہیں اور جب ان کے بیٹے کی فلم بنانے کی بات آئی تو انہوں نے فوراً اس کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کا دفتر ان کے دفتر کے قریب ہے، اور جب انہوں نے فلم کے لیے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تو شاہ رخ نے خود آنے کا وعدہ کیا، مگر تین ہفتے گزر جانے کے بعد وہ خود ان کے دفتر چلی گئیں۔ شاہ رخ خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ وہ فلم کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب فلم مکمل ہوئی اور حساب کتاب کا وقت آیا تو دیگر سرمایہ کاریوں کی طرح اس میں بھی سود شامل ہونا تھا لیکن شاہ رخ خان نے سود لینے سے انکار کر دیا۔ ان کے مطابق شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ “نہیں، یہ میرے لیے حرام ہے، میں یہ نہیں لوں گا۔” رینو چوپڑا نے اس بات کو شاہ رخ خان کی شرافت اور دریا دلی کی مثال قرار دیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *