بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے پاکستان کیخلاف میچ میں 25 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

لاہور (قدرت روزنامہ )بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے بھارت کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ کیچز کا 25 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی نے اتوار کو دبئی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ کے دوران 47 ویں اوور میں کلدیپ یادیو کی گیند پر نسیم شاہ کا کیچ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔
یہ کوہلی کا ون ڈے کرکٹ میں 157واں کیچ تھا، جس کے ساتھ انہوں نے سابق کپتان محمد اظہرالدین کا 25 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔محمد اظہرالدین نے سال 2000 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک 334 ون ڈے میں 156 کیچز کیے تھے۔
پاکستان کے خلاف میچ میں کوہلی نے آخری اوور میں خوشدل شاہ کا بھی کیچ کیا تھا۔
کوہلی نے اب 299 میچز میں 158 کیچز کیے جس کے بعد وہ بھارت کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ کیچز کرنے والے فیلڈر بن گئے۔
واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کے پاس ہے جنہوں نے 448 میچز میں 218 کیچز کیے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا ہے جنہوں نے 375 میچز میں 160 کیچز کیے جبکہ تیسرا نمبر کوہلی کا ہے۔