8 ممالک سے درجنوں پاکستانی بے دخل، واپسی پر گرفتار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنیگال، سعودیہ اور عمان سمیت 8 ملکوں سے مزید 45 پاکستانی بے دخل کردیے گئے ہیں۔
ڈی پورٹ کیے گئے 5 افراد کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل بھیج دیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق سینیگال پہنچنے والے 3 نوجوانوں کو کشتی سے یورپ اسمگل ہونا تھا مگر اس سے قبل ہی وہ گرفتار کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے بھی 5 بلیک لسٹ اور سزائیں پانے والے 6 افراد سمیت 14 پاکستانی ڈی پورٹ کیے گئے، سعودی عرب میں منشیات فروشی کا ایک ملزم بھی بے دخل کر دیا گیا اور واپس پہنچنے پر کراچی میں گرفتار ہوا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق زائد المیعاد قیام پر رومانیہ سے 2، عمان سے مختلف الزامات پر 12، امارات میں زائد المیعاد قیام، غیرقانونی انٹری و دیگر الزامات پر 7 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عراق میں زائد قیام پر ایک، قطر، ساؤتھ افریقہ میں پاسپورٹ گم ہونے پر 6 پاکستانی ڈی پورٹ کر دیے گئے ہیں۔