آذربائیجان کے ساتھ 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہونگے: وزیراعظم

باکو (قدرت روزنامہ )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذر بائیجان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا اور 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا جبکہ 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اورسلامتی کی حمایت کرتے ہیں جبکہ کارا باخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آذربائیجان میں خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں۔