اگر مگر کا کھیل ختم، نیوزی لینڈ کی جیت کے ساتھ پاکستان کا چیمپیئنز ٹرافی میں سفر تمام

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کی جانب سے گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست کے بعد پاکستان کا چیمپیئنز ٹرافی میں سفر تمام ہوگیا ہے، اور قومی ٹیم اگلے راؤنڈ (سیمی فائنل) کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد بات اگر مگر پر آگئی تھی، آج اگر نیوزی لینڈ بنگلہ دیش سے ہار جاتا تو پھر کچھ امید باقی رہ سکتی تھی۔
قومی ٹیم کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کے لیے ضروری تھا کہ نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچز ہار جائے، جبکہ اس کے علاوہ قومی ٹیم 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والا میچ بھاری مارجن سے جیتے، تاہم اس سے قبل ہی فیصلہ ہوگیا ہے۔
اب پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ جو محض ایک رسمی کارروائی ہوگی کیونکہ دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ نیوزی لینڈ سے ہار گیا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز بھارت سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی واضح رہے کہ اس سے قبل 2017 میں پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی، جب ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے پاس تھی۔