دبئی میں ویزا کی تجدید کیلئے نیا آسان نظام متعارف


دبئی (قدرت روزنامہ)دبئی نے رہائشی اجازت نامے، ویزا کی تجدید اور دیگر متعلقہ امور کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ایک نیا انقلابی نظام متعارف کرایا ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے سلامہ کے نام سے ایک جدید آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے رہائشیوں کو اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ویزا اور رہائشی اجازت نامے چند منٹوں میں تجدید کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین اپنے اسمارٹ فون سے لاگ ان ہو کر تجدید کی مدت کا انتخاب کر سکتے ہیں، مقررہ فیس ادا کر کے فوری طور پر اپنے اپڈیٹ شدہ دستاویزات ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور اس سارے عمل کے دوران نہ تو کسی کاغذی کارروائی کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی سروس سینٹر جانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے لمبی قطاروں اور روایتی طریقہ کار کا خاتمہ ہو جائے گا اور لوگ گھر بیٹھے اپنے ویزا اور دستاویزات کی تجدید بآسانی کر سکیں گے۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت مصنوعی ذہانت کو اپنی عوامی خدمات میں شامل کر رہی ہے تاکہ سہولیات کو مزید مؤثر اور صارفین کے لیے آسان بنایا جا سکے۔
حکام کا ماننا ہے کہ یہ جدید نظام نہ صرف رہائشیوں کا قیمتی وقت بچائے گا بلکہ سرکاری کارروائیوں کو بھی بہتر بنائے گا، جس سے دبئی کا ویزا اور رہائشی اجازت نامے کا تجدیدی عمل دنیا کے جدید ترین سسٹمز میں شامل ہو جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *