پاک سوزوکی نے آلٹو ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، کونسی گاڑی کتنی مہنگی؟

کراچی (قدرت روزنامہ)پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جو 25 فروری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
کمپنی کے مطابق سوزوکی آلٹو کے مختلف ماڈلز میں حفاظتی اور آرام دہ خصوصیات کو بہتر بنانے کے لیے قیمتوں میں 1 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس آر ایم ٹی کی قیمت لاکھ 20ہزار روپے اضافے کے بعد 28لاکھ 27 ہزار روپے ہو گئی۔
آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس اور آلٹو وی ایکس ایل اے جی ایس کی قیمتوں میں 95 ہزار روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ان کی نئی قیمتیں بالترتیب 29 لاکھ89ہزار روپے اور 31لاکھ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہیں۔
سوزوکی راوی پک اپ کی قیمت میں بھی ایک لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 19لاکھ 56ہزار روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جنوری 2025 میں گاڑیوں کی فروخت میں 73 فیصد ماہانہ اور 61 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ آٹوموٹیو مارکیٹ کی مضبوط بحالی کا اشارہ ہے۔