طلاق کی خبریں، آخر کار گووندا نے خاموشی توڑ دی

ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سونیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں زوروں پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ جوڑا 37 سال کی شادی کے بعد طلاق کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تاہم ان خبروں کی ابھی تک آفیشل طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔ ای ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سونیتا آہوجا نے چند ماہ قبل علیحدگی کا نوٹس بھیجا تھا مگر اس کے بعد سے کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔ اسی دوران گووندا نے آخرکار ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا “یہ صرف کاروباری باتیں ہو رہی ہیں، میں اپنی فلموں پر کام کر رہا ہوں۔”
نیوز 18 کے مطابق گووندا کے مینیجر ششی سنہا نے بھی ان قیاس آرائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا “کچھ خاندانی افراد کی طرف سے دیے گئے بیانات کی وجہ سے گووندا اور سونیتا کے درمیان مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ گووندا اس وقت اپنی نئی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور مختلف فنکار ہمارے آفس آ رہے ہیں۔ ہم معاملے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سونیتا آہوجا نے ایک انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق ایک بڑا راز فاش کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر گووندا کے ساتھ نہیں رہتیں۔ سونیتا کے مطابق وہ اپنے بچوں کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہتی ہیں جبکہ گووندا سامنے والے بنگلے میں مقیم ہیں۔
پنک ولا ہندی رش سے بات کرتے ہوئے سونیتا نے کہا “ہمارے دو گھر ہیں، ایک فلیٹ اور اس کے سامنے ایک بنگلہ ہے۔ میرے بچے فلیٹ میں ہیں، اس لیے میں وہیں رہتی ہوں۔ جبکہ گووندا کو دیر ہو جاتی ہے کیونکہ وہ اپنی میٹنگز میں مصروف رہتے ہیں۔ وہ باتیں کرنا پسند کرتے ہیں، اس لیے دس لوگ جمع کر کے ان کے ساتھ بیٹھ جاتے ہیں۔ دوسری طرف میں، میرا بیٹا اور بیٹی ایک ساتھ رہتے ہیں مگر ہم زیادہ بات نہیں کرتے کیونکہ میرا ماننا ہے کہ زیادہ بولنے سے توانائی ضائع ہوتی ہے۔”
یہ خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گووندا اور سونیتا کی شادی کو 37 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کے رشتے میں ہونے والی دراڑ نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے، جبکہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ اختلافات جلد حل ہو جائیں گے۔ تاہم ابھی تک کوئی بھی فریق طلاق کی خبروں کی تصدیق یا تردید کرنے کے لیے کھل کر سامنے نہیں آیا۔