ٹک ٹاک لائیو پر عمر بٹ اور مان ڈوگر کا تنازع شدت اختیار کر گیا، رجب بٹ سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج

لاہور(قدرت روزنامہ) ٹک ٹاک لائیو کے دوران ہونے والے جھگڑے نے شدت اختیار کر لی جس کے نتیجے میں مشہور سوشل میڈیا شخصیات شیزی ملک، رجب بٹ، مان ڈوگر اور حیدر شاہ سمیت سات نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بحریہ ٹاؤن لاہور کے رہائشی عمر فیاض کی جانب سے درج کرائی گئی FIR کے مطابق وہ 21 فروری کو رات 5:30 بجے ٹک ٹاک پر لائیو تھے جب مان ڈوگر نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور بعد میں دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔اگلی صبح 7 بجے مسلح افراد نے عمر فیاض کے گھر کے باہر آکر دھمکیاں دیں اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس کے گھر کے باہر کلاشنکوف، 30 بور اور 9MM پسٹل سے لیس افراد موجود تھے، جنہوں نے اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا۔پولیس نے شکایت کے بعد مان ڈوگر، حیدر شاہ، شیزی ملک، رجب بٹ اور سات نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔