وسیم اکرم کا نام طلاق یافتہ افراد کی فہرست میں دیکھ کر شنیرا سخت ناراض

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )عالمی شہرت یافتہ اور سوئنگ کے سلطان کے نام سے جانے جانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اپنے شوہر کا نام طلاق یافتہ افراد کی فہرست میں دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سوشل میڈیا پیج نے مختلف ممالک کے 12 موجودہ اور سابق کرکٹرز کی فہرست جاری کی جس میں ان کے طلاق یافتہ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس فہرست میں سابق کپتان وسیم اکرم اور بھارتی کھلاڑی انیل کمبلے کے نام بھی شامل ہیں جنہیں کوئی طلاق نہیں ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا کی مذکورہ پوسٹ نے سماجی کارکن اور وسیم اکرم کی اہلیہ کی توجہ فوراً حاصل کر لی۔شنیرا نے جھوٹی خبریں پھیلانے پر سوشل میڈیا پیج کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے ان پر برس پڑیں۔انہوں نے جھوٹ پر مبنی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بلاشبہ آپ لوگ ہر چیز سیاق و سباق سے ہٹ کر لکھتے ہیں، صرف یہی نہیں آپ لوگ درست اور قابلِ اعتماد معلومات سے بھی محروم ہیں۔
شنیر نے ساتھ ہی خبروں کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق پر بھی زور دیا۔واضح رہے کہ وسیم اکرم نے شنیرا سے قبل ہما مفتی سے 12 اکتوبر 1993 کو پسند کی شادی کی تھی۔ماہرِ نفسیات ہما مفتی نے انگلش لٹریچر اور سائیکالوجی میں ماسٹر کر رکھا تھا، انہوں نے کچھ عرصہ شوکت خانم میموریل ہسپتال میں بھی کام کیا تاہم 2009 میں ہما اکرم 42 سال کی عمر میں علالت کے باعث انتقال کرگئیں۔
وسیم اکرم نے 2013 میں آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے شادی کی جن سے ان کی ایک بیٹی عائلہ ہے جس کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی۔دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر انیل کمبلے نے 1999 میں طلاق یافتہ چیتنا رامتیرتھا سے پسند کی شادی کی تھی، اس جوڑے کے 2 بچے بیٹا مایاس کمبلے اور بیٹی سواستی کمبلے ہیں جبکہ بھارتی کھلاڑی نے سوتیلی بیٹی ارونی کو بھی گود لیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *